جب تک شاہین باغ ہے جمہوریت زندہ ہے

عابد انورThumb


قومی شہرت (ترمیمی) قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف شاہین باغ خاتون مظاہرین نے 15دسمبر سے اپنا دھرنا شروع کیا تھا۔ یہ مظاہرہ جامعہ ملیہ اسلامیہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں پولیس کے حملےاس کی بربریت کے خلاف شروع کیاتھا اور جب جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں اے بی وی پی کے غنڈوں نے حملہ کیا تو اس وقت بھی کھڑی ہوئیں اور باضابطہ پریس کانفرنس کرکے جے این یو طلبہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کی۔ بھیم آرمی کے سربرہا چندر شیکھر عرف راون کے خلاف پولیس کی زیادتی کی مذمت اور متعدد بار رہائی کی اپیل کی۔جس وقت مظاہرہ شروع ہوا تھا کسی کو معلوم نہیں تھا پوری دنیا میں یہ موضوع بحث بن جائے گا، پوری دنیا کے میڈیا  والے کوریج کے لئے شاہین باغ آئیں گے، پہلے عالمی میڈیا  آیا پھر ہندوستانی میڈیا آیا۔ہندوستان بھرسے کیا مرد کیا خواتین، ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے شاہین باغ اظہار یکجہتی کے لئے پہنچے یہ سلسلہ آج ت جاری ہے۔ کبھی سوچا نہیں تھا کہ یہ مظاہرہ حکومت کے گلی کی ہڈی بن جائے گاجو نہ اگلتے ہی بنتا ہے نہ ہی نگلتے ہی بنتا ہے۔ اس نے پوری دنیاکی توجہ اپنی جانب کھینچی اور پوری دنیا کے سماجی کارکنوں اور انسانیت کے علمبردارو ں کو سڑکوں پر لا کھڑا کیا ہے۔ شاہین باغ خواتین کا ایسا مظاہرہ تھا جس کی حمایت میں پوری دنیا میں مظاہرہ کرکے اظہار یکجہتی کی گئی۔ دراصل شاہین باغ میں مظاہرہ کرنے والی خواتین احتجاج اور انصاف کے حق میں آواز بلند کرنے کی ایک علامت بن چکی ہیں۔ کوئی کچھ کہے، دھمکی دے یا بدتمیزی کرے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ آج کے واقعہ نے ان کی ہمت، حوصلہ اور جرات کو اور بھی بڑھادیا ہے۔شاہین باغ خاتون مظاہرین کے جوش و خروش، ہمت اورعزم میں ہندو شدت پسند تنظیمو ں کی دھمکی، گولی چلنے اور شاہین باغ سریتاوہار میں ان تنظیموں کی موجودگی کے باوجود کوئی کمی نہیں آئی ہے اور پوری شدت اور دم خم کے ساتھ دٹی ہوئی ہیں۔شاہین باغ میں اس وقت خاتون پرامن طریقے سے دھرنا پر بیٹھی ہوئی ہیں لیکن سریتاوہار کی طرف سے پولیس کے ساتھ پچاس کے آس پاس ہندوشدت پسندوں کے رکن کھڑے ہیں۔ ابھی ان کی طرف سے کوئی ایسی بات سامنے نہیں آئی ہے لیکن سوال یہ ہے کہ پولیس کے ساتھ وہ لوگ وہاں کیا کررہے ہیں۔ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہندو شدت پسند تنظیموں کو پولیس کی حمایت حاصل ہے ورنہ وہ لوگ یہاں آنے کی ہمت نہیں کرتے۔ کئی روز سے مسلسل دھمکی دی جارہی تھی۔ ہندو شدت پسند تنظیموں سے منسلک ارکان نے شاہین باغ کو خالی کرانے اور اس سے نمٹنے کی دھمکی دی تھی اور اس کو عملی جامہ پہنانے کے لئے وہ لوگ یہاں آبھی گئے تھے۔ انتظامیہ ایسے شرپسند عناصرکو بڑھاوا دے رہی ہے۔ مرکزی وزرائے، رکن پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی کھلے عام گولی مارنے کی بات کررہے ہیں لیکن پولیس، انتظامیہ، عدلیہ اور قومی انسانی حقوق کمیشن یہاں تک کے اقلیتی کمیشن بھی اس پر کوئی نوٹس نہیں لے رہا ہے جس کی وجہ سے ایسے عناصر کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے۔ اس کی جگہ اگر کوئی مسلمان گولی مارنے کی بات کرتا تو ان پر درجن بھر دفعات لگانے کے ساتھ جیل میں بھیج دیا گیا ہوتا اور پورے ملک میں ان کے خلاف نفرت کا ماحول تیار کیا جارہا ہوتا لیکن اس معاملے میں کوئی کارروائی نہیں ہورہی ہے۔جامعہ ملیہ اسلامیہ میں فائرنگ کرنے والے کے ایک ہندو تنظیم نے انعام کا اعلان کیا ہے، دیکھنا یہ ہے کہ پولیس اور عدلیہ کیا کارروائی کرتی ہے۔ پہلے پولیس نے اسے نابالغ قراردیا ہے جب کہ اس کے والد کی موت 20 سال پہلے ہوچکی ہے۔ ہندی میڈیا اور پولیس نے اسے نابالغ قرار دیا ہے دراصل وہ اس کی ماں کو گالی دے رہے ہیں۔ شاہین باغ خاتون مظاہرین اور جامعہ ملیہ اسلامیہ میں جاری مظاہرے کے بارے میں مسلسل بی جے پی اور اس کی حکومت الٹے سیدھے بیان دے رہی تھی اور مطاہرین کو مارنے پر اکسا رہی تھی۔ گزشتہ دنوں ایک مرکزی وزیر اسٹیج پر دیش کے غداروں کو جوتے مارو.... نعرے لگواتے رہے اور یہ نعرہ پولیس کی موجودگی میں لگا لیکن وزیر داخلہ امت شاہ اس پر کوئی کارروائی نہیں کی بلکہ وہ اسی طرح راستے پر چلتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ اتنا زور سے بٹن دباؤ کے کرنٹ شاہین باغ تک پہنچے اور کپل گوجر نامی کرنٹ پہنچ گیا۔ شاہین باغ میں کپل گوجر نے فائرنگ کرکے دہشت پیدا کرنے کی کوشش کی تھی یہ انہی ذہنیت کی پیداوار ہے جو ذہن کچھ مرکزی وزراء اور کچھ اراکین  پارلیمنٹ تیار کر رہے ہیں۔خاتون مظاہرین نے ہندوشدت پسند تنظیموں کے ارکان کی موجودگی کے بارے میں کہا کہ ہمارے عزم کو وہ لوگ متزلزل نہیں کرسکتے۔ ہم کسی کے کارندے یا کسی کے اشارے میں چلنے والے نہیں ہیں کسی سے ڈرجائیں۔ ہم ملک کے آئین اور دستور کو بچانے کے لئے نکلے ہیں۔ ہم کسی ذات مفادات کی تکمیل کے لئے نہیں بیٹھی ہیں اس لئے ہمیں کوئی فائرنگ، کوئی گیدڑ بھبکی، کوئی دھمکی ہمیں اپنے ارادے سے پیچھے نہیں ہٹاسکتی۔  پورا ملک ہی نہیں پوری دنیا میں شاہین باغ مظاہرین کی علامت بن چکا ہے اس لئے یہ لوگ اسے ہٹانے کے لئے اور آپس میں خلل ڈالنے کے لئے ہر طرح کی ناکام کوشش کررہے ہیں لیکن آج شاہین باغ اٹل ہے۔

قومی شہریت (ترمیمی)قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف شاہین باغ میں خاتون مظاہرین نے قانون واپس لئے بغیر روڈ کھولنے کو دھوکہ قرار دیتے ہوئے سپریم کورٹ کے مقرر کردہ مذاکرات کار سے کہاکہ اگر یہ شاہین باغ بند ہوگیا تو پورے ملک کے شاہین باغ کے ساتھ دھوکہ ہوگا۔ جب ہم یہاں بیٹھی ہیں تو پریشانی ختم نہیں ہورہی ہے اور حکومت ہماری بات نہیں سن رہی ہے تو دوسری جگہ مظاہرہ منتقل کرنے کے بعد تو حکومت اور بھی ہماری بات نہیں سنے گی۔ جب سخت ترین سرد راتوں میں ہم یہاں بیٹھی رہیں تو حکومت نے کوئی توجہ نہیں د ی اور اس کے برعکس ہمیں بدنام کیاگیا، ہمیں دہشت گرد کہا گیا، پانچ سو روپے لیکر بیٹھنے والی کہا گیا طرح طرح کی باتیں کرکے ہمیں بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔بدنام کرنے والوں میں امت شاہ سے لیکر دیگر وزراء شامل ہیں لیکن ان لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی ہوئی؟ وزیر داخلہ امت شاہ کہتے ہیں کہ بٹن اتنا زور سے دباؤ کہ کرنٹ شاہین باغ کو لگے، ایک دوسرا وزیر کہتا ہے کہ ملک کے غداروں کو گولی مارو.....اور اسی طرح کے دل آزار اور خلاف قانون نعرے لگائے جاتے رہے لیکن کارروائی کسی کے خلاف نہیں ہوئی۔ یہاں جمہوریت کس قدر کمزور ہوگئی ہے کہ گولی چلانے والوں کوچھوڑ دیا جاتا ہے اور اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ اگر کوئی چلانے والا کوئی مسلمان ہوتا ہے تو پولیس کیا کرتی۔ گولی چلانے والوں اور برقعہ پہن کر آنے والی کو بغیر کوئی تکلیف پہنچائے ہم انہیں پولیس کے حوالے کردیا۔ جامعہ میں پولیس کی بربریت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ حکومت ایک طرف بیٹی پرھاؤ اور بیٹی بچاؤں کا نعرہ لگاتی ہے لیکن جب یہی بیٹی اپنے مطالبات کو لیکر سڑکوں پر اترتی ہے کہ انہیں پولیس سے پٹواتی ہے، ان کے حساس اعضاء پر حملے کرواتی ہے۔ ہمیں گولی مارنے کی بات کی جاتی ہے، کیا ہم ہندوستانی نہیں ہیں۔ آخر ملک میں کون ساقانون چل رہا ہے۔ ہمیں دو ماہ سے مینٹل ٹارچر (ذہنی اذیت)کیا جارہا ہے۔ جس چینل کو دیکھتی ہوں وہی ہمیں دہشت گرد کہتے ہیں، ٹکڑے ٹکڑے گینگ کہتے ہیں، ملک کے ٹکڑے ٹکرے کرنے والے کہا جاتا ہے۔ سپریم کورٹ کے مذاکرات کار کو کہا کہ ہم سڑکوں پر آئیڈیا آف انڈیا کو بچانے آئے ہیں۔ راستہ بند ہونے سے ہونے والی تکلیف کا احساس ہے اور اس سے ہم لوگ بھی متاثر ہیں لیکن کل ملک کے غریب، پسماندہ، قبائلی، دلت سماج اور اقلیتوں کو پریشانی ہونے والی ہے یہ تکلیف اس کے سامنے کچھ نہیں ہے۔ دو ہندو خاتون جو مظاہرہ میں شروع سے حصہ لے رہی ہیں، کہا کہ ہم ہندو ہیں اور ہم اس سیاہ قانون کے خلاف ساتھ دینے آئی ہیں کیوں کہ معاملہ صرف مسلمانوں کا نہیں ہے بلکہ ہر کمزور طبقہ کا ہے اور ہمارے وجود کی لڑائی ہے اس لئے ہم ڈتے رہیں گے۔ اگر حکومت اس قانون کو واپس لے لیتی ہے ہم آدھے گھنٹے کے اندر راستہ کھول دیں گے۔ حکومت میں بیٹھے کچھ لوگوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کیا یہ منی پاکستان ہے؟ آج یہاں شاہین باغ پورے ہندوستان کا تاج بن چکا ہے۔ احتجاج کا اختیار ہمیں آئین نے دیا ہے نہ کہ حکومت نے اور جس آئین نے حکومت کو اختیار دیا ہے وہی آئین ہمیں احتجاج کرنے کا بھی حق دیا ہے۔قانون عوام کیلئے ہوتا ہے نہ کہ عوام قانون کے لئے۔ اسی لئے حکومت کو کوئی ایسا قانون نہیں بنانا چاہئے جس سے عوام کو کوئی تکلیف پہنچے۔ اگر اس کالا قانون کو واپس نہیں لیں گے تو ہم بھی اپنا دھرنا جاری رکھیں گے۔ یہ شاہین باغ خاتون مظاہرین کی علا مت ہے اور اس کے نتیجے میں آج ملک کے کونے کونے میں سیکڑوں شاہین باغ بن چکے ہیں۔ اگر ہم نے بغیر منزل کے اس شاہین کو ختم کیا یا یہاں سے اس دھرنا کو منتقل کیا تو اس کا منفی اثر دوسرے شاہین باغوں پر اثر پڑے گا۔ خواتین کا مظاہرہ خواہ کہیں بھی ہورہا ہو لیکن ہر جگہ شاہین باغ کے نام سے ہی مظاہرہ ہورہاہے۔ ہم یہاں اپنے حقوق کا دفاع، ملک کے آئین اور دستور کو بچانے کے لئے سڑکوں پر ہیں نہ کہ کوئی جشن منانے کے لئے کہ مظاہرہ کو کہیں منتقل کرلیں۔

قومی شہریت (ترمیمی)قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف شاہین باغ میں خاتون مظاہرین کے حق مظاہرہ کا دفاع کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے مقرر کردہ مذاکرات کار سادھنا رام چندر نے کہاکہ ہندوستان میں جب تک حق بولنے والی شاہین باغ جیسی بیٹیاں ہیں اس وقت تک ہندوستان کو کوئی خطرہ لاحق (جمہوریت اور آزادی کو) نہیں ہوسکتا۔ تحریک چلانے کا حق آپ کو حاصل ہے اور اس لئے آپ کا شکر گزار ہیں کہ آپ نے سپریم کورٹ میں اور ہندوستان کی آئین میں اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ بہت سوچھ سمجھ کر اور غور و خوض کے ساتھ اس مسئلہ کو حل کرنا ہے۔ آپ نے ہمارے سامنے جن مسائل کو اٹھایا ہے وہ ہمارے سامنے ہیں اور اس کو اچھی طرح سمجھا ہے، آپ کا سوال سپریم کورٹ کے سامنے ہے اور سی اے اے اور این آر سی کے معاملہ سپریم کورٹ کے زیر سماعت ہے۔ اس پر کیا فیصلہ آسکتا ہے نہ ہم کچھ کہہ سکتے ہیں اورنہ آپ۔ اس لئے اس معاملے پر ہم بات چیت نہیں کرسکتے۔ فی الحال معاملہ آپ کے احتجاج کے حق کا ہے اور دوسرے لوگوں کے حق کا بھی ہے۔ اس پر آپ کو ہم کو مل کر حل نکالنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ نے آپ کی طرف ہاتھ بڑھایا ہے۔ ہمیں سننا چاہئے۔ آپ کا شاہین باغ (احتجاج) برقرار رہے گا۔ کیا ایسا ہوسکتا ہے کہ آپ کا احتجاج بھی جاری رہے گااور راستہ بھی کھل جائے۔  ایک بار پھر شاہین باغ احتجاج کے برقرار رہنے کا اعادہ کرتے ہوئے مذکرات کار نے کہاکہ سپریم کورٹ نے آپ کے حق مظاہرہ کو تسلیم کرتے ہوئے بڑی جیت دی ہے۔سپریم کورٹ نے آپ کی پریشانیوں اور تکلیف کو سمجھا ہے اور یہ آپ مت سوچئے کہ آپ کی بات کوئی سننے والا نہیں ہے۔ اس کے علاوہ مظاہرین میں متعدد خواتین نے اس سیاہ قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنے موقف کو سپریم  کورٹ کے مذاکرات کار کے سامنے رکھے اور کہا کہ ہمیں راستے کھولنے میں کوئی پریشانی نہیں ہے حکومت یہ قانون واپس لے لے ہم خود بخود اٹھ جائیں گی۔

Comments